24 ستمبر 2014 - 18:18
دنيا کے مختلف ملکوں کے رہنماؤں کي صدرحسن روحاني سےملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات اور گفتگو کی ہے.

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  صدر حسن روحانی نے منگل کی شام ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی جس میں دہشتگردی اور انتہا پسندی اور ایران کے جوہری معاملے جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر نے اس موقع پر دہشتگردی کے خلاف بعض ملکوں کے دہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک جب تک دہشتگردی سے انہیں فائدہ پہنچ رہا ہو ، بے گناہ انسانوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور جب ان کے مفادات کو خطر ہ لاحق ہو تا ہے تو جنگ شروع کردیتے ہیں۔

صدر حسن روحانی نے آسٹریا کے صدر ہائنس فشر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان جامع جوہری سمجھوتے کی صورت میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے فروغ کا راستہ پہلے سے زیادہ ہموار ہوجائے گا۔
صدر نے عراق اور شام کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک یہ سوچ رہے تھے کہ وہ پیسہ اور اسلحہ فراہم کرکے بہت تھوڑی مدت میں شام کی حکومت کو ختم کردیں گے۔

ایران کے صدر نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسوا ولینڈ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی مذاکرات میں ایران نیک نیتی کے واضح ہوجانے سے ، تہران کے خلاف مغرب کے تیار کردہ ماحول کا حصار ٹوٹ گیا ہے۔
صدر نے کہا کہ ایران خطے کی ایک موثر طاقت ہے اور مغرب کو یہ بات پوری طرح سے محسوس کرنا چا ہیے۔
صدرحسن روحانی نے جاپان کے وویراعظم شینزو آبے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران جاپان کو اپنا دوست سمجھتا ہے اور تہران کی منڈیوں میں ٹوکیوں کے فعال کردا ر کا خواہاں ہے۔
صدر ایران نے جاپان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
وینز ویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ بات چیت کر تے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور وینز ویلا مشترکہ اہداف کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اس وقت اعلی ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی نیویارک میں صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں تہران انقرہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اس بات زور دیا کہ ایران اور ترکی کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم تیس ارب ڈالر لے جانے کی ضرورت ہے۔

صدر حسن روحانی نے منگل کے روز ماحولیات سے متعلق ہونے والے عالمی اجلاس سے بھی خطاب کیا ، صدر نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ماحولیاتی مشکلات پر قابو پانے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر اجتمائي کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ غیر قانونی پاپندیوں کے ذریعے ، ماحولیات اور عام لوگوں کی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے۔
صدر نے نیویارک میں امریکہ کے سینیر صحافیوں کے ساتھ بھی ایک ملاقات کی اور ایرا ن کے خلاف امریکہ اور مغرب کی یکطرفہ پابندیوں کو سنگین غلطی قرار دیا ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ پابندیوں کا راستہ بہت ٹیڑھا ہے اور اس سے امریکہ کوکو ئی فائدہ حاصل ہونے والا نہیں ہے،
صدر حسن روحانی ، برطانوں وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں، ۔ جبکہ جمعرات کی صبح وہ ا قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

.......

/169